سعودی عرب میں رمضان کا آغاز، پاکستان میں اتوار کو پہلا روزہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ آج ملک میں کہیں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ اتوار کو ہو گا۔
رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے جمعے کو پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’آج پاکستان کے بیشتر مقامات کا مطلع ابر آلود رہا۔ پاکستان کے کسی بھی مقام سے رمضان کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔‘
مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ ’اب پاکستان میں اتوار (دو مارچ) کو یکم رمضان ہو گی۔‘
اس سے قبل پاکستان کے محکمہ موسمیات نے بھی کہا تھا کہ پاکستان میں آج (جمعے کو) رمضان کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ ’چاند کی پیدائش آج صبح پانچ بج کر 45 منٹ پر ہوئی لیکن نظر آنے کے لیے اس کی عمر 16 سے 18 گھنٹے تک ہونی چاہیے۔‘
جمعے کو اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں چاند کی رویت سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہے۔
پاکستان سپیس اینڈ اپر اٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے جمعےہی کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’28 فروری کو غروب افتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہو گی اور بلندی 5 ڈگری ہو گی۔‘
’ 28فروری کو چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ7 ڈگری ہو گا اس لیے ہلال انسانی آنکھ سے نظر نہیں آئے گا۔‘
سپارکو نے کہا تھا کہ پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025 سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے اور عید الفطر 31 مارچ کو ہوسکتی ہے۔