اہم خبریں

امریکہ سے غیرقانونی قیام پر بے دخل 8 پاکستانیوں کی وطن واپسی

فروری 28, 2025 < 1 min

امریکہ سے غیرقانونی قیام پر بے دخل 8 پاکستانیوں کی وطن واپسی

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کےدفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے تصدیق کی کہ امریکہ میں غیرقانونی طور پر مقیم 8 شہری بے دخل کیے جانے کے بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

جمعے کو انہوں نے کہا کہ ان افراد کی شناخت اور دیگر تفصیلات کے بارے میں وزارت داخلہ اور ایف آئی اے مزید آگاہ کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا سے بے دخل کیے گئے شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کر رہا ہے اور اس حوالے سے واشنگٹن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ سفارتی تعلقات ہیں، اور ایف-16 پروگرام ان کا ایک اہم حصہ ہے۔ امریکا کا ایف-16 پروگرام سے متعلق حالیہ فیصلہ پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان متعدد بار افغانستان میں جدید ترین امریکی ہتھیاروں کے چھوڑے جانے کا معاملہ اٹھا چکا ہے، کیونکہ ان کے دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے کا شدید خطرہ ہے۔ یہ ہتھیار پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جو باعثِ تشویش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طورخم بارڈر کی بندش ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، جس میں کئی ادارے شامل ہیں۔ افغان حکام سرحد کے قریب ایک نئی چیک پوسٹ قائم کرنا چاہتے تھے، جس پر پاکستان نے انہیں مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کی تجویز دی۔ سرحد پر تجارتی ٹرکوں کی روانی اور دیگر مسائل پر بھی مختلف ادارے کام کر رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کئی ممالک مخصوص تعداد میں افغان شہریوں کو اپنے ہاں بسانے کے لیے تیار ہیں، اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو متعلقہ ادارے ان کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے