پاکستان

بلوچستان اسمبلی کے نتائج مکمل، صوبے بھر میں احتجاج سے سڑکیں بند

فروری 11, 2024

بلوچستان اسمبلی کے نتائج مکمل، صوبے بھر میں احتجاج سے سڑکیں بند

عام انتخابات کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں اور رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کی اسمبلی کی 51 میں سے 48 نشستوں کے کامیاب امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اتوار کی صبح الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی تین نشستوں کے نتائج کا تاحال انتظار ہے۔

جن 48 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے کہ ان میں سے 11 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نواز اور جمعیت علمائے اسلام نے 9، 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے میں چھ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی تحریک انصاف سے منسلک نہیں تھا۔

بلوچستان عوامی پارٹی )باپ) کے امیدوار چار نشستوں پر کامیاب قرار پائے جبکہ نیشنل پارٹی نے تین اور عوامی نیشنل پارٹی نے دو سیٹیں جیتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جماعت اسلامی ایک نشست پر کامیاب ہوئی ہے جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)، حق دو تحریک اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے ایک، ایک نشست جیتی ہے۔

اس طرح 51 ارکان کے ایوان میں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے مگر کوئی بھی پارٹی اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی۔

نتائج کے خلاف بلوچستان بھر میں درجنوں مقامات پر عوامی احتجاج جاری ہے اور مختلف سیاسی قوتوں کے کارکنوں نے سڑکیں بند کر رکھی ہیں۔

پاکستان کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سب سے بڑا اور پُرامن احتجاج اس وقت بلوچستان میں جاری ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے