پاکستان

پاکستان بھر میں بارشیں، مکانات گرنے اور لینڈ سلائڈنگ سے 17 ہلاک

مارچ 2, 2024 2 min

پاکستان بھر میں بارشیں، مکانات گرنے اور لینڈ سلائڈنگ سے 17 ہلاک

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث بالخصوص بالائی علاقوں میں راستے تاحال بند ہیں جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں حادثات کے نتیجے میں متعدد افرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پاکستان ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سنیچر کو بتایا کہ صوبہ بھر میں جاری بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے حادثات میں گزشتہ دو روز میں 17 افراد ہلاک جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں 13 گھروں کو جزوی جبکہ21 کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کے مطابق برفباری اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھلولنے کے لیے اقدامات کیے جا رہےہیں جبکہ مالم جبہ میں شدید برفباری سے محصورچھ سیاحوں کو ریسکیوکرلیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سنیچر کے روز بھی بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان علاقوں میں تیز بارش کے علاوہ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث پشاور، لوئر دیر اور باجوڑ میں گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں 7 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں 5 بچے، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں اتوار تک بارش، گرج چمک اور برفباری کا امکان ہے جبکہ اس کے بعد بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 29 فروری کو شدید مغربی لہریں ملک کے بیشتر علاقوں بالخصوص مغربی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔ اس سے پیدا ہونے والی موسمی صورتحال 2 مارچ تک برقرار رہنا تھی۔

محکمہ موسمیات نے صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ’الرٹ‘ رہنے اور حفاظتی اقدامات لینے کا کہا تھا۔

ان دنوں میں سیاحوں کو غیرضروری سفر سے منع کیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو بھی فصلوں کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔

برفباری کے باعث اپر اور لوئر چترال کے تمام تعلیمی ادارے آج سنیچر کو بند رہیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو چترال کی طرف سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مالم جبہ اور دیگر سیاحتی علاقوں میں بھی شدید برفباری کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے