مجھے جیل بھیجنا عوام کے لیے ’بریکنگ پوائنٹ‘ ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ
Reading Time: < 1 minuteسابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں جیل بھیجنا ان کے حامیوں کے لیے ایک ’بریکنگ پوائنٹ‘ ثابت ہو سکتا ہے جس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو فوکس نیوز کو انٹرویو میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منی ٹریل کے مقدمے میں سزا کے بعد جیل یا گھر میں نظر بندی کے امکان کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔ میرے خیال میں عوام کے لیے اس تسلیم کرنا مشکل ہو گا۔ آپ جانتے ہیں کہ ایک خاص وقت پر بریکنگ پوائنٹ آ جاتا ہے۔‘
امریکہ میں پہلے ہی نومبر میں ہونے والے انتخابات کے دوران بدامنی اور سیاسی ہراسانی کے حوالے سے خدشات ہیں اور ایسے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انتباہ نے ان خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو عدالت نے جمعرات کو کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی اور 2016 کے صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش میں ایک پورن سٹار کو خاموش رہنے کے عوض رقم کی ادائیگی پر سزا سنائی۔
نیویارک کی جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ پر کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کے حوالے سے عائد 34 الزامات میں سے تمام کو درست قرار دیتے ہوئے سابق صدر کو ہر ایک جرم کا مرتکب قرار دیا۔
امریکہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق صدر کو سزا سنائی گئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر پورن سٹار سٹارمی ڈینیئل کو خاموش رہنے کے عوض ادا کی گئی رقم کو چھپانے کے لیے کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی سے متعلق 34 الزامات عائد کیے گئے تھے۔