پاکستان

’سیاسی تبدیلی تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو سکتی‘، شہباز کی پوتن سے ملاقات

جولائی 3, 2024 2 min

’سیاسی تبدیلی تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو سکتی‘، شہباز کی پوتن سے ملاقات

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے تجارت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ ’کوئی جغرافیائی سیاسی تبدیلی پاکستان اور روس کے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو سکتی۔‘

’دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ ہمیں مستقبل میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینا ہو گی۔‘
شہباز شریف نے صدر پوتن کو روس کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں روس مزید ترقی کرے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کر کے اچھا لگا، پاکستان کے روس کے ساتھ باہمی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک عرصہ دراز سے دوست ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہوگا، پاکستان اور روس کے دیرینہ اور کاروباری تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔‘

روسی صدر کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ’میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں تاکہ ان تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔‘
’ہم آپ کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور باہمی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں جو اس وقت ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ میری درخواست پر آپ نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا، روس سے تیل کی ترسیل ہمیں موصول ہوئی ہے، ہم اس میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور کوئی جغرافیائی سیاسی تبدیلی ان تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو سکتی اور نہ ہی دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات ہمارے تعلقات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے