پاکستان میں آپریشن عزمِ استحکام کے لیے 20ارب کی منظوری
Reading Time: < 1 minuteبلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر حکومت نے آپریشن عزم استحکام کے لیے فوری طور پر 20 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بھی اس آپریشن کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی تھی۔ انسداد دہشت گردی کے لیے وفاقی کابینہ اپنی مسلح افواج کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردوں نے متعدد حملے کیے جس کے نتیجے میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں سمیت 50 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے۔ موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں دہشت گردوں نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا تھا۔
دہشت گردی کے ان واقعات کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں نیشنل ایپکس کمیٹی میں آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی ہے۔ تاہم، اس آپریشن پر اپوزیشن جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جواب دیتے ہوئے کلیئرنس آپریشنز شروع کر دیے ہیں جس میں اب تک 21 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیر اعظم نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔