بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ریفرنس میں درخواست ضمانت منظور
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔
بدھ کو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت مکمل کر کے درخواست ضمانت منظور کی۔
اس موقع پر جسٹس میاں گل اورنگزیب نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کو ملزم کیوں بنایا گیا؟ اس پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہا کہ پبلک آفس ہوڈر عمران خان تھے۔
جسٹس میاں گل اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ آذربائیجان جا کر دیکھیں وہاں ایک ایسا میوزیم ہے جہاں پوری دنیا کے صدور کو ملنے والے گفٹ ان کی تصویر کے ساتھ رکھے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہاں جانا ہوا تو صرف محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر نظر آئی، ڈھونڈتے رہے لیکن بدقسمتی سے کسی اور کی کوئی تصویر نہیں دکھائی دی۔
خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں عدت نکاح کیس میں بریت کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کے ایک اور ریفرنس میں گرفتار کر لیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ میں عمران خان اور ان کی اہلیہ پر ’ایک نہیں، سات گھڑیاں خلاف قانون لینے اور بیچنے کا الزام‘ عائد کیا گیا تھا۔