پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ناکام، بلیو ورلڈ سٹی کی بولی مسترد
Reading Time: < 1 minuteنجکاری بورڈ نے بلیو ورلڈ سٹی کی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز خریدنے کے لیے لگائی بولی مسترد کر دی ہے اس طرح پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ناکام ہوگیا ہے۔
قومی ایئرلائن خریدنے کے لیے بلیو ورلڈ سٹی نے 10 ارب روپے کی بولی لگائی تھی جب کہ نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی ریزرو پرائس 85 ارب 30 کروڑ روپے مقرر کی تھی۔
قبل ازیں روئٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ وزارت نجکاری نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنی بلیو ورلڈ سٹی کی جانب سے 10 ارب 80 لاکھ روپے کی بولی موصول ہوئی ہے۔
اس سے قبل قومی ایئر لائن پی آئی اے کے 60 فیصد شیئرز کی خریداری کے لیے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم پر مشتمل سنگل بڈر نے بولی جمع کروائی تھی۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں پی آئی اے، وزارت نجکاری حکام اور بولی دہندگان نے شرکت کی۔ بولی کی سربمہر دستاویز بھی اس وقت کھولی گئی۔
پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بڈنگ کی براہ راست تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ تقریب میں وزارت نجکاری، پرائیویٹائزیشن بورڈ، پی آئی اے اور بولی دہندگان نے شرکت کی۔