ٹیک آف کے بعد ’دھماکے کی آواز‘، قنطاس کی پرواز کی سڈنی میں ہنگامی لینڈنگ
Reading Time: < 1 minuteقنطاس ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سڈنی ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے فوراً بعد اس کے ایک طیارے نے ’انجن میں خرابی‘ کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کی۔
قنطاس کے چیف پائلٹ کیپٹن رچرڈ ٹوبیانو نے بیان میں کہا کہ قنطاس کی پرواز، QF520، برسبین کے لیے روانہ تھی اور سڈنی ہوائی اڈے پر بحفاظت لینڈ کرنے سے پہلے ’مختصر وقت‘ کے لیے فضا میں چکر لگا رہی تھی۔
ایئر لائن نے کہا کہ ’قنطاس کے انجینئرز نے انجن کا ابتدائی معائنہ کیا اور تصدیق کی ہے کہ یہ انجن کی خرابی تھی۔‘
’مسافروں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی ہو گی، وہاں کوئی دھماکہ نہیں ہوا تھا۔‘
سڈنی ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ یہ ابھی تک واضح نہیں کہ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ اور قریبی رن وے پر آگ لگنے کا آپس میں تعلق تھا یا نہیں، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ آگ پر ایوی ایشن ریسکیو فائر فائٹنگ سروس نے قابو پا لیا۔
ترجمان نے کہا کہ طیارے کی محفوظ آمد کے ساتھ سڈنی ایئرپورٹ کی ترجیح اس کے متوازی رن وے کا مکمل معائنہ کرنا اور جلد از جلد اس پر سروس بحال کرنا ہے۔
طیارے کی مسافر جارجینا لیوس نے مقامی آؤٹ لیٹ چینل نائن کو بتایا کہ وہ پرواز میں سوار تھیں۔
’ہم ٹیک آف کر رہے تھے، اور ہم نے ایک دھماکے کی آواز سنی۔ ایسا لگتا ہے کہ ایک انجن چلا گیا ہے۔ پائلٹ نے 10 منٹ بعد یہ بتانے کے لیے اعلان کیا کہ انہیں ٹیک آف کے وقت دائیں ہاتھ کے انجن میں مسئلہ تھا۔‘