پاکستان

‎کُرم میں غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی پر اتفاق: حکومتی دعویٰ

دسمبر 7, 2024 2 min

‎کُرم میں غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی پر اتفاق: حکومتی دعویٰ

Reading Time: 2 minutes

خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ’ضلع کُرم میں فریقین کے درمیان غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔‘

جمعے کو ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ ’گرینڈ جرگے میں فریقین کے 100 سے زیادہ افراد کی مشترکہ نشست منعقد ہوئی، جرگے کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔‘

بیرسٹر محمد علی سیف کا مزید کہنا ہے کہ ’گرینڈ جرگے کے ارکان نے دونوں فریقوں سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کیں، وزیراعلٰی کی کوششوں سے علاقے میں امن بحال ہوا ہے۔‘

اس موقع پر کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ شاہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت کُرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور ہر صورت حکومت کی عمل داری کو یقینی بنائے گی۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن کی سربراہی میں دونوں فریقوں کے 100 سے زیادہ عمائدین شریک ہوئے۔

بیان کے مطابق شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ یا جھگڑے سے کسی مسئلے کا حل ممکن نہیں، تاہم عشروں پر محیط مسئلے کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے وقت ضرور درکار ہوگا، دونوں جانب سے اخلاص اور اعتماد کی ضرورت ہوگی۔

گرینڈ جرگے کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل، کرم میں مکمل اور پائیدار امن کے قیام تک بیٹھے رہیں گے، یہاں سے امن کا پیغام لے کر اپنے علاقوں میں جائیں گے۔
یاد رہے کہ ضلع کرم میں دو فریقوں کے درمیان برسوں سے جاری لڑائی میں اب تک سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

حالیہ دنوں میں دونوں قبائل کے درمیان اس لڑائی میں مزید شدت دیکھنے میں آئی ہے جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے