ٹرمپ کی کینیڈا کو امریکی ریاست بنانے کی بات ’حقیقت‘ ہے: وزیراعظم ٹروڈو
Reading Time: 2 minutesکینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کی بات ایک ’حقیقت‘ ہے جو ملک کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کی وجہ سے ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے کینیڈا کے مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم ٹروڈو کی یہ بات بند کمرے کے ایک اجلاس میں غلطی سے مائیک کھلا رہنے کی وجہ سے لاؤڈ سپیکر پر سب نے سُن لی۔
کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) کے مطابق لیبر پارٹی کے بزنس لیڈروں سے ملاقات میں جسٹن ٹروڈو کے الفاظ تھے کہ ’مسٹر ٹرمپ کے ذہن میں ہے کہ ہمارے ملک کو اپنانے کا یہ آسان طریقہ ہے اور یہ ایک حقیقت چیز ہے۔ میری اُن کے ساتھ بات چیت میں اس پر ۔۔۔‘
اسی دوران کینیڈین وزیراعظم کا مائیک بند ہو گیا۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’وہ ہماے وسائل کے بارے میں جانتے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی خواہش ہوگی کہ ان وسائل سے فائدہ اُٹھائیں۔‘
کینیڈین وزیراعظم کے دفتر نے اس حوالے سے رابطہ پر ایسوسی ایٹڈ پریس کو کوئی جواب نہیں دیا۔
کینیڈا کی البرٹا فیڈریشن آف لیبر کے صدر گل میکگوان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ جسٹن ٹروڈو نے ایسا کہا۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہاں، میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ ٹروڈو نے کہا کہ ان کا اندازہ یہ ہے کہ ٹرمپ واقعی کیا چاہتے ہیں وہ فینٹینیل یا امیگریشن یا یہاں تک کہ تجارتی خسارے پر کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتے ہیں، وہ واقعتاً یہ چاہتے ہیں کہ یا تو کینیڈا پر غلبہ حاصل کیا جائے یا اسے مکمل طور پر اپنا لیا جائے۔‘
صدر ٹرمپ نے بارہا تجویز کیا ہے کہ اگر کینیڈا 51 ویں امریکی ریاست بننے پر راضی ہو جائے تو بہتر ہو گا۔
جمعے کو ٹروڈو نے کہا تھا کہ کینیڈا کو ’حکمت اور حکمت عملی سے‘ سوچنا چاہیے کہ کینیڈا کی تمام درآمدات پر بھاری محصولات عائد کرنے کی ٹرمپ کی دھمکیوں سے کیسے نمٹا جائے۔
ٹورنٹو میں کینیڈا-امریکہ اقتصادی تعلقات پر ایک روزہ سربراہی اجلاس کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ملک کو ٹیرف سے بچنے کے لیے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کو اندرونی تجارتی رکاوٹوں کو ختم کرنے اور دیگر ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
’یہ وقت ہے، یہی وقت جو ہمارے ملک کی تاریخ میں واقعی اہمیت رکھتا ہے۔‘