اہم خبریں

سری لنکن پولیس کے اپنے سربراہ کو پکڑنے کے لیے چھاپے، پولیس چیف تاحال مفرور

مارچ 2, 2025 2 min

سری لنکن پولیس کے اپنے سربراہ کو پکڑنے کے لیے چھاپے، پولیس چیف تاحال مفرور

Reading Time: 2 minutes

سری لنکا کی پولیس اتوار کے روز اپنے سربراہ کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ جب سے پولیس چیف کی گرفتاری کا عدالتی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے وہ مفرور ہیں۔

پولیس چیف پر الزام ہے کہ اُس نے اپنی فورس کے ایک افسر کو ایک جگہ چھاپے کے دوران مروا دیا تھا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس دیشابندو ٹیناکون اس وقت سے لاپتہ ہیں جب سے جزیرے کے جنوب میں ایک مجسٹریٹ نے جمعے کو ان کی گرفتاری کا حکم دیا، ان الزامات کے بعد کہ اس نے 31 دسمبر 2023 کو چھاپے کا حکم دیا تھا۔

ایک سینیئر افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم گرفتاری کے وارنٹ پر عمل درآمد کے لیے ان کے گھر گئے لیکن وہ اپنے محافظوں کو وہیں چھوڑ کر روپوش ہو گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ عدالت نے 53 سالہ ٹیناکون کو جزیرے سے باہر جانے سے روکنے کے لیے غیرملکی سفر پر پابندی بھی عائد کر دی تھی۔

ٹیناکون نے کولمبو سے ایک یونٹ کو غیرقانونی منشیات کے لیے دارالحکومت سے تقریباً 150 کلومیٹر (95 میل) جنوب میں واقع ریزارٹ ٹاؤن ویلگاما میں ہوٹل کی تلاشی لینے کے لیے چھاپہ مار کارروائی کا حکم دیا تھا۔

مقامی پولیس جو اس انڈر کور یا خفیہ آپریشن سے بے خبر تھی، اس کا مقابلہ دارالحکومت کولمبو سے آئے یونٹ سے ہوا، اس دوران فائرنگ میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔ ہوٹل میں کوئی منشیات نہیں ملی۔

ٹیناکون کو نومبر 2023 میں متنازعہ طور پر پولیس سربراہ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا لیکن ان کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، جس نے انہیں جولائی میں سماعت کی تکمیل تک معطل کر دیا تھا۔

اعلیٰ ترین عدالت کی جانب سے ایک علیحدہ کیس میں اس بات کے باوجود کہ اس نے حراست میں ایک مشتبہ شخص کو اس کے جنسی اعضاء پر مینتھول بام لگا کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، حکومت نے ٹیناکون کو اس اعلیٰ ترین عہدے پر تعینات کیا۔

عدالت نے ٹیناکون کو متاثرہ شہری کو نصف ملین روپے ($1,600) ادا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس وقت حکومت نے پولیس چیف کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کے عدالتی احکامات کو نظر انداز کر دیا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے