انگلینڈ کے سمندر میں جہازوں کی ٹکر، جیٹ فیول سے بھرے بحری ٹینکر کو آگ لگ گئی
Reading Time: < 1 minuteانگلینڈ کے شمال مشرقی ساحل کے قریب جیٹ فیول لے کر جانے والا ٹینکر سمندر میں ایک مال بردار جہاز سے ٹکرا گیا ہے۔
پیر کو حکام کے مطابق تصادم کے بعد بحری جہازوں میں موجود ہزاروں لیٹر ایندھن کو آگ لگ گئی جس کے شعلے دور تک دیکھے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مال بردار بحری جہاز سے ٹکرانے کے بعد شمال مشرقی انگلینڈ کے قریب شمالی سمندر میں جیٹ فیول لے جانے والا ایک ٹینکر لیک ہو گیا اور اس نے آگ پکڑ لی۔
اس کے عملے کے 30 سے زائد افراد کو سمندر سے ریسکیو کر کے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
کوسٹ گارڈ ایجنسی نے کہا کہ ایک ہیلی کاپٹر، چھوٹا ہوائی جہاز، لائف بوٹس اور آگ بجھانے کی صلاحیت والے قریب موجود جہازوں کو مدد کے لیے حادثے کے مقام پر بلایا گیا ہے۔
پورٹ آف گرمزبی ایسٹ کے چیف ایگزیکٹیو نے ای میل کے ذریعے بتایا کہ 32 زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے ساحل سے گرمزبی میں ہسپتال لے جایا گیا۔
یہ واضح نہیں تھا کہ زخمیوں کی حالت کتنی سنگین تھی۔
ادھر امریکی فوج کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ جیٹ فیول لے کر جانے والا بحری ٹینکر اُن کا تھا اور گزشتہ کچھ عرصہ سے ٹھیکے پر حاصل کیا گیا تھا۔