صحافی احمد نورانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر
Reading Time: < 1 minuteامریکہ میں مقیم پاکستانی صحافی احمد نورانی کے دو بھائیوں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
بدھ کو احمد نورانی کی والدہ امینہ بشیر نے لاپتہ بیٹوں کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
سیکریٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اور ایس ایچ او تھانہ نون کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیف الرحمن حیدر اور محمد علی کو آئی 14 گھر سے رات ایک بج کر 5 منٹ پر سادہ لباس لوگ گھر سے اٹھا کر لے گئے۔
درخواست کے مطابق اغوا کے مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست تھانہ نون میں دی گئی،
مقدمہ درج نہیں کیا گیا نہ ہی لاپتہ کیے جانے والوں کے حوالے سے کچھ معلوم ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مغویوں کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں اور اُن کو اغوا کر کے لے جایا گیا۔
درخواست میں لاپتہ بھائیوں کو بازیاب کرا کے عدالت پیش کرنے کا حکم دینے کی استدعا کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے غیر قانونی اغوا کرنے والے کے خلاف کارروائی کے لیے کہا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اگر لاپتہ بھائیوں کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو وہ بھی سامنے لانے کا حکم دیا جائے۔