وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے جنرل عاصم منیر کے ہمراہ ملاقات
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سعودی عرب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بدھ کی رات وزیراعظم شہباز شریف نے جدہ کے قصر السلام میں ملاقات کی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
ایس پی اے کے مطابقملاقات میں دونوں برادر ملکوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقومی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس اکاونٹ پر لکھا ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آج جدہ میں ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔‘
’ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر انتہائی نتیجہ خیز بات چیت کی۔‘
پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل سپورٹ کے حوالے سے ان کا شکریہ ادا کیا.