عالمی خبریں

انڈین ریاست گوا کے مندر میں بھگدڑ مچنے سے 6 ہلاک، 55 زخمی

مئی 3, 2025

انڈین ریاست گوا کے مندر میں بھگدڑ مچنے سے 6 ہلاک، 55 زخمی

انڈیا کی مغربی ساحلی ریاست گوا کے ایک مندر میں بھگدڑ مچنے سے چھ افراد ہلاک جبکہ 55 زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بھگدڑ مچنے کا واقعہ جمعے کی رات شیرگاؤ گاؤں میں سالانہ شری لیرائی زترا تہوار کے دوران پیش آیا۔

گوا کے ریاستی دارالحکومت پنجم کے ایک پولیس افسر وی ایس چاڈونکر نے بتایا کہ ’عقیدت مند ایک مذہبی تقریب کا مشاہدہ کر رہے تھے کہ رسومات کی ادائیگی کے دوران لوگ جذباتی ہو گئے اور بھگدڑ مچ گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور کم از کم آٹھ شدید زخمی ہوئے۔‘
گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سنیچر کی صبح شیرگاؤ گاؤں کے لیرائی دیوی مندر میں ’المناک بھگدڑ‘ کے واقعے پر ’بہت غمزدہ‘ ہیں۔
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ چھ افراد ہسپتال منتقل ہونے سے پہلے ہی ہلاک ہو چکے تھے۔‘
گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے ہسپتال کا دورہ کیا اور کہا کہ ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
گوا کے ریاستی وزیر صحت وشواجیت رانے نے کہا کہ ’80 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پانچ کی حالت نازک ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ دیگر کا علاج خصوصی طور پر بنائے گئے ایمرجنسی وارڈ میں کیا جا رہا ہے۔‘
وزیراعظم نریندر مودی کے آفس نے ’ان افراد سے تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے