انڈین ایئرفورس کا رفال لڑاکا طیارہ پاکستان نے مار گرایا: فرانسیسی عہدیدار
Reading Time: 2 minutesفرانس کی انٹیلیجنس کے ایک اعلی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے انڈین ایئرفورس کا فرانسیسی ساختہ رفال طیارہ مار گرایا ہے۔
امریکی ٹیلی ویژن سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا حکام ممکنہ مزید نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
فرانسیسی انٹیلیجنس کے عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ انڈین فضائیہ کا رفال لڑاکا طیارہ پاکستان سےجنگ میں مار گرایا گیا.
یہ پہلی بار ہے کہ فرانسیسی ساختہ جدیدجنگی طیارہ لڑائی میں تباہ ہوا۔
پاکستان نے بدھ کو کہا تھا کہ اس نے انڈین حملے کے خلاف جوابی کارروائی میں انڈین فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل بھی شامل ہیں۔
انڈین حکام نے پاکستان کے اس دعوے پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔
عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ فرانسیسی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ایک سے زیادہ رفال طیارے راتوں رات پاکستان نے مار گرائے۔
سی این این کے مطابق انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں گر کر تباہ ہونے والے ایک طیارے کے پرزوں کی لی گئی تصاویر پر فرانسیسی مینوفیکچرر کا لیبل دکھائی دیتا ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کہنا ممکن نہیں کہ آیا یہ پرزہ رفال طیارے کا ہے یا نہیں۔
رفال طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن‘ نے سی این این کی جانب سے کیے گئے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
رفال طیارہ 10 ٹن وزنی، دو انجن والا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو فضائی لڑائی اور زمینی حملوں کے لیے 30 ملی میٹر توپ، فضائی میزائل، لیزر گائیڈڈ بم اور کروز میزائلوں سے لیس ہے۔
حالیہ کشیدگی سے قبل انڈیا کے پاس فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن سے خریدے گئے 36 رافیل طیارے تھے۔
فرانسیسی فوج نے اس واقعے پر تاحال سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا .