عالمی خبریں

’اسلامی امارت‘ کے اقتدار کے بعد 50 لاکھ باشندے وطن واپس آئے: افغان حکومت

جون 1, 2025

’اسلامی امارت‘ کے اقتدار کے بعد 50 لاکھ باشندے وطن واپس آئے: افغان حکومت

افغانستان کی طالبان حکومت نے کہا ہے کہ ’اسلامی امارت‘ کے اقتدار میں آنے کے بعد پڑوسی ملکوں سے اب تک 50 لاکھ سے زائد افغان باشندے وطن واپس پہنچے ہیں۔

یہ اعلان افغانستان کی وزارت برائے پناہ گزین اور وطن واپسی نے کیا ہے۔

وزارت برائے پناہ گزین کے ترجمان عبدالمطلب حقانی نے کہا ہے کہ صرف گزشتہ دو برسوں میں پاکستان، ایران اور ترکیہ سے 2 لاکھ 68 ہزار افغان باشندے واپس وطن پہنچے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این اچ سی آر) نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں ایران اور پاکستان سے پانچ لاکھ سے زائد افغانوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔

یو این ایچ سی آر نے مزید کہا کہ بین الاقوامی امداد میں کمی کی وجہ سے افغانستان کو بحرانی حالات کا سامنا ہے اس لیے پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل محفوظ، باوقار اور رضاکارانہ بنیادوں پر ہونا اہم ہے۔

ادھر پاکستان کی حکومت نے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ سنیچر کو وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت انسداد دہشت گردی اور ہارڈن دی سٹیٹ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں کیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیرقانونی عناصر کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے