اب ایران کے سپریم لیڈر ’مزید زندہ نہیں رہیں گے‘، اسرائیل کی دھمکی
جمعرات کو ایرانی میزائل حملے میں ایک ہسپتال کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل کے وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر کو ’مزید زندہ رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان کے ایک ہفتے سے جاری جنگ میں تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
جنوبی شہر بیر شیبہ میں سوروکا ہسپتال بمباری کی وجہ سے آگ کی لپیٹ میں آ گیا جس کے بارے میں ایران نے کہا کہ فوجی اور انٹیلیجنس بیس کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل نے گزشتہ ہفتے اپنے قدیم دشمن کے خلاف فضائی حملے شروع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے بروقت فوجی کارروائی کر رہا ہے۔
ایک ہفتے سے جاری جنگ میں دونوں طرف سے 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کو ہسپتال پر کیے گئے حملے کی ’بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘ جبکہ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے سخت انتباہ جاری کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ایران کے ساتھ اپنی جنگ میں ’دنیا کا چہرہ بدل رہا ہے۔‘
انہوں نے پبلک براڈکاسٹر ’کان‘ سے گفتگو میں کہا کہ ’میں نے کہا تھا کہ ہم مشرق وسطیٰ کا چہرہ بدل رہے ہیں، اور اب میں کہتا ہوں کہ ہم دنیا کا چہرہ بدل رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران کے ’آدھے سے زیادہ‘ میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے۔