امریکہ کی ایران پر بمباری، تمام ایٹمی پلانٹس تباہ کر دیے
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن کے جنگی طیاروں نے ایران میں تین مقامات پر بمباری سے وہاں تمام جوہری پلانٹس تباہ کر دیے ہیں۔
بمباری کے بعد امریکی صدر کا خطاب
امریکہ کے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری افزودگی کی اہم تنصیبات کو ’مکمل طور پر ختم‘ کر دیا گیا، اور خبردار کیا کہ اگر تہران امن نہیں چاہتا تو مزید حملے ہو سکتے ہیں۔
تہران کے خلاف اسرائیل کی فضائی جنگی مہم میں امریکہ کی شمولیت کے بعد وائٹ ہاؤس سے قوم سے ٹیلیویژن خطاب میں صدر ٹرمپ نے امریکی حملوں کو ’شاندار فوجی کامیابی‘ قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے اس سے قبل سوشل میڈیا پر یہ اعلان کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا کہ امریکی طیاروں نے ایران کے فردو نیوکلیئر افزودگی پلانٹ کے علاوہ نتنز اور اصفہان کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق تازہ امریکی فوجی کارروائی صدر ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ میں ایک اور ’ہمیشہ کے لیے جنگ‘ سے بچنے کے بیانات کے باوجود سامنے آئی ہے۔
ایران نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اگر واشنگٹن اس پر حملوں میں شامل ہوا تو وہ خطے میں امریکی افواج کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران کی اہم جوہری افزودگی کی تنصیبات کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے غنڈے ایران کو اب امن قائم کرنا چاہیے۔‘
قوم سے خطاب میں امریکہ صدر کے ہمراہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو مستقبل کے حملے کہیں زیادہ شدید ہوں گے، اور ہمارے لیے اہداف آسان ہوں گے۔‘