عالمی خبریں

’دنیا کے لیے شاندار دن‘ کے صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد ایران کا ردعمل

اپریل 18, 2026

’دنیا کے لیے شاندار دن‘ کے صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد ایران کا ردعمل

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے اعلان کے بعد یہ ’دنیا کے لیے ایک عظیم اور شاندار دن‘ ہے۔

تاہم انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی اُس وقت تک ’مکمل طور پر جاری رہے گی‘ جب تک جنگ کے خاتمے سے متعلق ’معاہدہ‘ سو فیصد مکمل نہیں ہو جاتا۔

ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ اگر بدھ تک جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی طویل المدتی معاہدہ طے نہ پایا تو وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا تھا کہ ’ناکہ بندی کے تسلسل کی صورت میں آبنائے ہرمز کھلی نہیں رہے گی۔‘
قالیباف گذشتہ ہفتے کے آخر میں ہونے والے بالمشافہ مذاکرات کا حصہ تھے-

ادھر تہران نے صدر ٹرمپ کے اس دعوے کی بھی تردید کی ہے کہ ایران افزودہ یورینیم کے اپنے ذخیرے کی بازیابی اور اسے امریکہ بھیجنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ کام کرے گا۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ’مذاکرات میں کبھی کوئی بات نہیں ہوئی۔‘

شپنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت جاری ہے۔ جہازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ میرین ٹریفک کے مطابق آبنائے ہرمز سے بحری جہاز معمول کے مطابق گزر رہے ہیں۔

سائٹ کے مطابق کئی جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جن میں تیل، مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) اور کیمیکلز کی ترسیل کے لیے مخصوص جہاز بھی شامل ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے