آبنائے ہرمز کے ’نئے نظام‘ پر عمل سے تمام ممالک مستفید ہوں گے: ایران
ایران کے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ نے کہا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال کر ’خلیج فارس کے خطے کو محفوظ بنائے گا اور دشمن کی جانب سے اس آبی گزرگاہ کے استحصال کو ختم کرے گا۔‘
جمعرات کو یوم خلیج فارس کے موقع پر اپنے پیغام میں ایرانی رہنما کا کہنا تھا کہ ہزاروں کلومیٹر دور بیٹھ کر لالچ کی بنیاد پر فساد برپا کرنے والے غیرملکیوں کی جگہ خلیج فارس کے پانیوں کی تہہ کے سوا کہیں اور نہیں ہے۔ اور خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے لیے ایک نیا باب تحریر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی رہبر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ’خلیج فارس کا روشن مستقبل امریکہ سے پاک ہو گا۔‘
مجتبی خامنہ ای نے کہا کہ اس خطے کے روشن مستقبل میں ’امریکہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا‘ اور یہ کہ آبنائے ہرمز کے ’نئے نظام‘ پر عملدرآمد سے تمام ممالک مستفید ہوں گے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ ’خلیج فارس میں عدم تحفظ کی بنیادی وجہ یہاں امریکی موجودگی ہے۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی اڈے نہ تو خود کی اور نہ ہی خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
مجتبی خامنہ نے یہ بھی کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال کر ’خلیج فارس کے خطے کو محفوظ بنائے گا اور دشمن کی جانب سے اس آبی گزرگاہ کے استحصال کو ختم کرے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز کے ’نئے نظم و انتظام‘ کے قانونی قواعد اور ان کا نفاذ خطے کی تمام اقوام کے لیے آسائش اور ترقی لے کر آئیں گے۔‘
مجتبیٰ خامنہ ای دو ماہ قبل امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز اور اسلامی جمہوریہ کے رہبر اعلیٰ کے طور پر اپنی تقرری کے بعد سے عوامی سطح پر نظر نہیں آئے ہیں اور نہ ہی اس کے بعد سے ان کی کوئی نئی ویڈیو یا تصاویر جاری کی گئی ہیں۔
جتبیٰ خامنہ ای کا یہ تازہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکی بحریہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جاری ہے۔