اہم خبریں

مردان میں پاکستانی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

جون 15, 2026

مردان میں پاکستانی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ روڈ پر پاکستان ایئرفورس کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔

حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں صبح آٹھ بج کر 13 منٹ پر معمول کے مطابق جبر نہر کے علاقے میں ٹریفک رواں تھی کہ اچانک جہاز آ گرا اور آگ کے شعلے بلند ہو گئے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب وہ حادثے کا شکار ہوا۔

آئی ایس پی آر نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افسران کی شناخت پاکستان فضائیہ کے فلائیٹ لیفٹننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان بحریہ کے لیفٹننٹ طحہ عباسی کے نام سے کی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد نے بتایا کہ جہاز کاٹلنگ روڈ پر جبر نہر کے قریب صبح کے وقت حادثے کا شکار ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی فائر وہیکل اور دیگر عملہ فورا جائے حادثہ پر پہنچا۔ بلال احمد نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں کاٹلنگ کی تحصیل کے ڈی ایس پی عجب خان نے بھی تربیتی طیارے کے مردان کے جبر تھانہ کی حدود میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے