پاک افغان شاہراہ پر لنڈی کوتل کے قریب سیلابی ریلے میں گاڑیاں بہہ گئیں، تین ہلاک
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ہنگامی امداد کے محکمے ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں سیلابی ریلے ایک ویگن اور ایک کار بہہ گئی تھی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گاڑی سے ایک خاتون اور ایک مرد کی لاش جمرود جبہ خوڑ قدم سے ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیموں اور مقامی افراد نے مشترکہ کاوشوں سے نکال لیں جبکہ ایک بچے کی لاش ریسکیو 1122 کی ٹیم نے پڑانگ سنگ کے مقام پر مقامی افراد سے نکالی۔
بیان کے مطابق پاک افغان شاہراہ پر ویگن اور کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی تھی جس کے بعد 12 سے زائد بچوں کو سیلابی پانی سے بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آٹھ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوراٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ضلع خیبر میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں متاثر ہیں جبکہ متعدد کچے مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

