امریکی گرین کارڈ کے منتظر افراد کے لیے اگست 2026 ویزا بلیٹن جاری، فیملی ویزے اب کیسے؟
واشنگٹن:سید فیصل علی
امریکی محکمہ خارجہ نے اگست 2026 کا ویزا بلیٹن جاری کر دیا ہے، جس میں خاندانی بنیادوں پر گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے رواں سال کی سب سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ متعدد فیملی اسپانسرڈ (Family-Sponsored) کیٹیگریز میں Final Action Dates اور Dates for Filing کو نمایاں طور پر آگے بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ ملازمت پر مبنی (Employment-Based) بیشتر کیٹیگریز میں محدود تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ویزا بلیٹن کے مطابق F2A کیٹیگری، جس میں گرین کارڈ ہولڈرز کے شریک حیات اور غیر شادی شدہ بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والی کیٹیگری رہی۔ بیشتر ممالک کے لیے Final Action Date یکم جنوری 2025 سے بڑھا کر 22 جولائی 2026 کر دی گئی، جبکہ میکسیکو کے لیے یہ تاریخ 22 جولائی 2025 مقرر کی گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اس ماہ کی سب سے بڑی پیش رفت ہے۔
اسی طرح F1، F2B، F3 اور F4 فیملی کیٹیگریز میں بھی نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی، جس سے ہزاروں خاندانوں کے لیے گرین کارڈ کے حصول کا انتظار کم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم بھارت، میکسیکو اور فلپائن کے بعض کیسز میں تاریخیں جوں کی توں برقرار رکھی گئی ہیں۔
ویزا بلیٹن میں شامل Dates for Filing چارٹ میں بھی متعدد فیملی کیٹیگریز کو آگے بڑھایا گیا ہے، جس کے تحت مزید درخواست گزار اب اپنی امیگریشن دستاویزات جمع کرا کر کیس کی پروسیسنگ شروع کر سکیں گے، اگرچہ انہیں فوری طور پر گرین کارڈ دستیاب نہ بھی ہو۔
دوسری جانب Employment-Based امیگریشن کیٹیگریز میں محدود پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ EB-1 میں صرف چین کے لیے تاریخ آگے بڑھی، جبکہ بھارت کے لیے یہ کیٹیگری بدستور 15 اکتوبر 2022 پر برقرار رہی۔ EB-2 بھارت کے لیے مسلسل غیر دستیاب رہی، جبکہ چین کی تاریخ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
https://travel.state.gov/content/travel/en/legal/visa-law0/visa-bulletin/2026/visa-bulletin-for-august-2026.html
EB-3 کیٹیگری میں نسبتاً بہتر پیش رفت ہوئی، جہاں بیشتر ممالک کے لیے Final Action Date یکم اگست 2024 سے بڑھا کر یکم ستمبر 2024 کر دی گئی۔ چین اور میکسیکو کے لیے بھی معمولی پیش رفت ریکارڈ کی گئی، جبکہ بھارت کی تاریخ یکم جنوری 2014 پر برقرار رہی۔
اسی طرح EB-4 میں معمولی پیش رفت ہوئی، جبکہ EB-5 Unreserved کیٹیگری بھارت کے لیے بدستور غیر دستیاب رہی۔ البتہ EB-5 Set-Aside پروگرامز، جن میں دیہی علاقوں، زیادہ بے روزگاری والے علاقوں اور انفراسٹرکچر سرمایہ کاری سے متعلق منصوبے شامل ہیں، دنیا بھر میں بدستور Current قرار دیے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ مالی سال 2026 کے اختتام تک بڑھتی ہوئی درخواستوں کے باعث بعض کیٹیگریز میں Retrogression (تاریخوں کا دوبارہ پیچھے جانا) یا ویزا نمبروں کی عارضی عدم دستیابی کا امکان موجود ہے۔ خاص طور پر بھارتی درخواست گزاروں کے لیے EB-1 بھی آئندہ ہفتوں میں غیر دستیاب ہو سکتی ہے اگر سالانہ ویزا کوٹہ مکمل ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق اگست کا ویزا بلیٹن واضح طور پر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکی حکومت مالی سال کے اختتام سے قبل دستیاب تمام امیگرنٹ ویزا نمبرز استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم اب درخواست گزاروں کی نظریں آئندہ دو ماہ پر مرکوز ہیں تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا یہ پیش رفت برقرار رہتی ہے یا بڑھتی ہوئی طلب کے باعث اکتوبر میں نئے ویزا نمبرز جاری ہونے سے پہلے کٹ آف تاریخیں دوبارہ پیچھے چلی جاتی ہیں۔

