کسی بھی جہاز کو نقصان کا ہرجانہ منجمد ایرانی اثاثوں سے ادا کیا جائے گا: صدر ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اب سے آبنائے ہرمز میں کسی بھی بحری جہاز پر حملے کی صورت میں ہونے والے نقصان کا ہرجانہ منجمد ایرانی اثاثوں سے ادا کیا جائے گا۔
اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا ہے کہ آج کے بعد سے جہازوں، ان کے سامانِ تجارت (کارگو) یا اس سے متعلق کسی بھی چیز کو پہنچنے والے تمام نقصانات کا معاوضہ ایران کے ان فنڈز سے ادا کیا جائے گا جو امریکہ کے قبضے اور کنٹرول میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا اطلاق آئندہ اطلاع تک ہو گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ہرجانے بہت زیادہ بھی ہو سکتے ہیں لیکن اُن کے خیال میں یہی درست قدم ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے اثاثے منجمد کر کے انھیں مستقبل میں کیے جانے والے غیر متعلقہ دعووں کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنے سے ایک خطرناک مثال قائم ہو گی۔
امریکی صدر کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ جو لوگ ان اقدامات کا خیر مقدم کر رہے ہیں یا اس سے فائدہ اٹھانے کے متعلق سوچ رہے ہیں، انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ جب حکومتیں دوسروں کی ملکیت ضبط کرنے کو معمول کا عمل بنا لیں تو پھر کوئی بھی جائیداد محفوظ نہیں رہے گی۔

