کینیڈا میں جعلی روحانی عامل نے خاتون سے 8 لاکھ ڈالر ہتھیا لیے، ملزم انڈیا فرار
نورالامین (ٹورنٹو)
کینیڈا میں ٹورنٹو پولیس نے ایک 29 سالہ شخص کے خلاف کینیڈا بھر میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے خود کو روحانی معالج اور عامل ظاہر کر کے ایک خاتون سے 8 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد رقم ہتھیا لی۔
پولیس کے مطابق ملزم، گنگادھر بابو، (انڈین سائیکک اینڈ اسپرچوئل ہیلر)کے نام سے کاروبار چلاتا تھا۔ الزام ہے کہ اس نے خاتون کو یہ باور کرایا کہ اگر اس نے مخصوص روحانی عملیات کے لیے رقم ادا نہ کی تو وہ اور اس کے اہلِ خانہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
تحقیقات کے مطابق متاثرہ خاتون خوف کے باعث ملزم کو 8 لاکھ ڈالر سے زائد رقم ادا کرتی رہی، جس کے بعد ملزم مبینہ طور پر انڈیا فرار ہو گیا۔
ٹورنٹو پولیس کا کہنا ہے کہ اس فراڈ کا شکار مزید افراد بھی ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس مقدمے سے متعلق معلومات ہوں یا وہ خود بھی اس شخص کا شکار ہوا ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرے-

