کولمبو میں پاکستان سے سمگل کی گئی 671 کلو آئس پکڑے جانے پر امریکہ کے بیان کے بعد کیا ہوا؟
سری لنکا میں آئس کی بڑی کھیپ پکڑے جانے پر امریکی سفارتخانے کا بیان آنے کے ایک دن بعد پاکستان میں انسداد منشیات کے محکمے نے بھی اس کا کریڈٹ لیا ہے-
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کولمبو میں امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’امریکہ کی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے نئی دہلی کنٹری آفس اور سری لنکا کے پولیس نارکوٹکس بیورو (پی این بی) نے ایک کامیاب مشترکہ کارروائی میں پاکستان میں قائم ایک منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا جو کرسٹل میتھ کو سری لنکا کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘
امریکی اور سری لنکن حکام کے مطابق یہ منشیات ’تولیوں میں چھپائی گئی تھیں‘ اور اس کارروائی میں پاکستانی شہریوں سمیت کئی مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سے کولمبو آنے والے مشتبہ بحری کنٹینرز کے بارے میں 14 سے 29 اگست کے درمیان حاصل کی گئی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس دوران ’سری لنکن نارکوٹکس بیورو نے تقریباً 463 کلوگرام کرسٹل میتھ ضبط کی جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے۔‘
اس کارروائی کے حوالے امریکی بیان کے ایک دن بعد پاکستان میں انسداد منشیات کے حکام نے کہا ہے کہ انھوں نے کراچی اور کولمبو کے درمیان منشیات سمگل کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی میں نہ صرف بڑی مقدار میں منشیات قبضے میں لی ہے بلکہ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے تعاون سے سری لنکا کے دارالحکومت میں افغان منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی اور کولمبو بندرگاہوں پر مجموعی طور پر 671 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) قبضے میں لے لی گئی، جبکہ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کولمبو میں پولیس نے بدھ کو بتایا تھا کہ امریکہ اور سری لنکا کے انسدادِ منشیات اہلکاروں نے ایک پاکستانی منشیات نیٹ ورک کو نشانہ بنانے کے لیے مشترکہ کارروائی کے بعد تقریباً نصف ٹن کرسٹل میتھ ضبط کی۔
پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اشوکا دھرماسینا نے صحافیوں کو بتایا کہ 463 کلوگرام منشیات ایک شپنگ کنٹینر سے پکڑی گئی جو اختتامِ ہفتہ پر کولمبو پہنچا تھا۔ جبکہ دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔
کولمبو میں امریکی سفارت خانے نے کہا کہ دو کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی منشیات، جو تولیوں میں چھپائی گئی تھیں، سری لنکا کے راستے بین الاقوامی منڈیوں میں سمگل کی جانی تھیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ کارروائی ’بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیموں کو توڑنے میں امریکہ اور سری لنکا کی شراکت داری کی مضبوطی کو اجاگر کرتی ہے، جو دہشت گردی کے لیے مالی وسائل فراہم کرتی ہیں اور ہمارے دونوں ممالک میں برادریوں کے لیے خطرہ بنتی ہیں۔‘
کولمبو پولیس کے نائب سربراہ نے کہا کہ آئس کی حالیہ ضبطگی کے سلسلے میں ایک مقامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور انھوں نے تصدیق کی کہ یہ کارروائی ’اطلاع‘ ملنے کے بعد کی گئی۔
انھوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کی انسدادِ منشیات مہم اکتوبر سے جاری ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 14 ٹن غیر قانونی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں۔
اس ضبط شدہ کھیپ میں کرسٹل میتھ، جسے آئس بھی کہا جاتا ہے، ہیروئن اور کوکین شامل ہیں۔
سری لنکا کے وزیرِ عوامی تحفظ آنندا وجے پالا نے پارلیمان کو بتایا کہ زیادہ تر غیر قانونی منشیات افغانستان اور پاکستان سے آتی ہیں اور سمندر کے راستے اُن کے ملک میں سمگل کی جاتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دو کروڑ 20 لاکھ آبادی والے سری لنکا میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً چار لاکھ ہے۔
اکتوبر 2024 میں سری لنکا کی ایک عدالت نے 10 ایرانی افراد کو ہیروئن سمگلنگ کا جرم قبول کرنے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
سری لنکا میں منشیات کی سب سے بڑی واحد ضبطگی دسمبر 2016 میں ہوئی تھی، جب کسٹمز حکام نے لکڑی کے ایک شپنگ کنٹینر میں 800 کلوگرام کوکین برآمد کی تھی جو انڈیا بھیجا جا رہا تھا۔
ادھر پاکستان کے محکمہ انسداد منشیات (اے این ایف) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان افغانستان سے سمگل ہونے والی منشیات کے لیے طویل عرصے سے ٹرانزٹ روٹ اور متاثرہ ملک رہا ہے۔ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت پاکستان نے ہمیشہ منشیات سمگلنگ کے خلاف عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا ہے۔ اسی سلسلے میں اے این ایف نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغان منشیات کو پاکستان کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’اے این ایف نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر جولائی 2026 میں کراچی بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کنٹینر سے 200 کلوگرام آئس برآمد کی تھی۔ اس کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے افغان سرغنہ احسان اللہ سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔‘
گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے ساتھ شیئر کی گئیں۔ اے این ایف کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سری لنکن حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کولمبو بندرگاہ پر دو کنٹینرز سے مزید 471 کلوگرام آئس برآمد کر لی، جبکہ نیٹ ورک کے مزید چھ ارکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران افغانستان سے سمگل کی گئی مجموعی طور پر 671 کلوگرام آئس ضبط کی گئی، جسے پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پورے آپریشن میں اے این ایف نے مرکزی کردار ادا کیا اور جدید انٹیلی جنس پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کی نشاندہی کی۔ بروقت معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کے نتیجے میں بیرون ملک بھی بڑی کارروائی ممکن بنائی گئی۔‘
خیال رہے کہ اس کارروائی کے بعد جاری کیے گئے امریکی سفارتخانے اور سری لنکن پولیس کے بیانات میں پاکستان کے محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے معلومات دیے جانے کا ذکر نہیں کیا گیا تھا-