’سب سے مہنگا‘ اور پتلا آئی فون، ایپل کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل ’ڈیو‘
ایپل نے اپنی کمپنی کی تاریخ کا پہلا فولڈ ایبل اور سب سے پتلا آئی فون متعارف کرا دیا ہے، اور اس کو ’ڈیو‘ کا نام دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایپل کے فولڈ ایبل کی ساخت پاسپورٹ جیسی ہے، تاہم اس کے کنارے گول ہیں۔ فون کھلنے کی صورت میں اس فون کا سائز سات اعشاریہ چھ انچ ہو جاتا ہے اور اسے عمودی انداز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان ٹرنس نے کیلیفورنیا میں کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں واقع سٹیو جابز تھیٹر میں دکھائی جانے والی ایک ویڈیو میں دوسری کمپنیوں کی مصنوعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’دوسروں نے فولڈ ایبل ڈیوائسز بنائی ہیں، لیکن وہ محض ایسے محسوس ہوتی ہیں جیسے دو فونز کو غیر موزوں انداز میں آپس میں جوڑ دیا گیا ہو۔‘
فون فولڈ ہونے کی صورت میں اس کے سامنے کی جانب بھی ایک چھوٹی سنگل سکرین موجود ہے۔ کمپنی کے مطابق ’ڈیو‘ ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا فون ہے۔
کمپنی نے اپنے فولڈ ایبل فون کی قیمت ایک ہزار 999 ڈالر رکھی ہے، یعنی پاکستانی روپے میں دو لاکھ 60 ہزار روپے۔ یہ فون 23 اکتوبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق اس فون میں آئی فون کی 18 پرو سیریز ہی کی طرح 48 میگا پکسل ’فیوژن الٹرا وائڈ‘ کیمرہ نصب ہے۔

