پاکستان

قومی اسمبلی: لعنت لعنت کے نعرے

مارچ 15, 2018 2 min

قومی اسمبلی: لعنت لعنت کے نعرے

Reading Time: 2 minutes

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران بجلی زائد بلنگ، لوڈشیڈنگ اور عدلیہ کے خلاف کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ریمارکس پر ایوان میں ہنگامہ ہوا ہے ۔ شور شرابے کے دوران لعنت لعنت کے نعرے بھی لگائے گئے ۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ پانچ ججوں کے فیصلے نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے ۔ پی ٹی آئی رکن اسمبلی ساجد نواز گلے میں بجلی بلوں کا ہار پہن کر آگئے ۔ لاجواب سروس باکمال لوگ کے سلوگن والی پی آئی اے میں بھی جعلی ڈگریوں والے افسران کا انکشاف کا بھی ہوا ہے جبکہ قومی ائر لائن کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب نہ آنے پر سپیکر بھی برہم ہوئے اور کہاکہ بیورو کریسی کا ٹھنڈ پروگرام نہیں چلے گا ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ہوا ۔  وقفہ سوالات میں تحریری جواب میں بتایا گیا کہ پی آئی اے میں 659 ملازمین کی ڈگری نکلیں جن میں 391 کو برطرف کردیا گیا ہے 251کے مقدمات ہیں اور 17 کے خلاف محکمانہ کاروائی ہورہی ہے سپیکر نے پی آئی اے حکام کی طرف سے کچھ جوابات نہ دیئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ بیوروکریسی نے ٹھنڈ ڈال رکھی ہے، ایسا نہیں چلے گا ۔

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی رکن ساجد نواز گلے میں بجلی کے بلوں کا ہار پہن کر آگئے اور اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھایا جس پر وزیر مملکت عابد شیر علی نے اسے ڈرامے بازی قرار دیا اور کہا کہ بجلی چوروں کو بجلی نہیں دی جاسکتی جس پر ایوان میں شور مچ گیا ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہاں منی لانڈرنگ کرنے والوں کو تو کوئی نہیں پوچھتا، ایک رکن بجلی پر ایوان میں چیخے تو اسے ڈرامے باز قرار دیا جائے، بجلی چوری کے طعنے دیئے جائیں ۔

ڈپٹی سپیکر نے لفظ ڈرامے باز حذف کر دیا جبکہ بجلی چوری کو حذف کرنے سے انکار کر دیا ۔ قومی اسمبلی میں اس وقت پھر ہنگامہ شروع ہوگیا جب کیپٹن ر صفدر نے کہا کہ پانچ ججوں کے فیصلے نے ملکی ترقی کا پہیہ روک دیا ہے، ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے ۔ اس پر پی ٹی آئی ارکان نے شور مچانا شروع کر دیا جس پر مسلم لیگ ن کے رکن میاں منان نے پی ٹی آئی ارکان پر لعنت لعنت بھیجتے ہوئے کہا کہ تم سپریم کورٹ کے مامے لگتے ہو ۔ اس پر پھر ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی ۔ ایوان میں اس وقت بھی شور سنا گیا جب جمشید دستی نے کالاباغ سمیت ڈیم بنانے کا مطالبہ کیا اس پر پی پی پی کے رکن عبد الستار بچانی نے کہا کہ کالاباغ ڈیم ہماری لاشوں پر ہی بن سکتا ہے، کوئی پانی سمندر میں ضائع نہیں ہو رہا چیک کروالیں ۔

قومی اسمبلی میں ون ویلنگ کے خلاف چار خواتین ارکان کے توجہ دلاو نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر ظفر اللہ ڈھانڈلہ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت اس پر سخت اقدامات کررہی ہے جو مکینک ایسی موٹر سائکلیں تیار کرتے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں، جو ون ویلنگ کرتے ہیں ان کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔ بعد ازاں اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے