جوڈیشل مارشل لاء کا مطالبہ
Reading Time: < 1 minuteعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملک میں جوڈیشل مارشل لاء لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیف جسٹس کی اصل ذمہ داری نگران وزیراعظم کا تقرر ہے، ساری قوم عدلیہ کی جانب دیکھ رہی ہے، بے شک چیف جسٹس اس ملک میں 90 روز کے لئے جوڈیشل مارشل لاء لگا دیں اور یہ مارشل لاء صرف الیکشن کے لیے ہونا چاہیے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لئے صرف خورشید شاہ نہیں، عمران خان سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت ہونی چاہیے، جسے عمران خان کی اشیرباد حاصل نہیں ہوگی وہ بطور نگران وزیر اعظم قبول نہیں ہوگا۔
شیخ رشید نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حالیہ دورہ امریکا کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا وزیر اعظم سے قوم پوچھتی ہے امریکی شخصیات سے بغیر کسی سیکرٹری خارجہ کے کیسے ملے، ساری قوم پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ وزیر اعظم ملٹری سیکرٹری سمیت کسی بھی اسٹاف کے بغیر کیا کرنے گئے تھے _