پاکستان24 متفرق خبریں

اسد درانی مکر گئے

اپریل 3, 2019

اسد درانی مکر گئے

پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ اسد درانی سنہ 1990 کے الیکشن میں سیاست دانوں میں پیسے تقسیم کرنے کے اپنے بیان حلفی سے مکر گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ حلفیہ بیان سپریم کورٹ میں جمع کرایا تھا جو اصغر خان کیس فیصلے کا حصہ ہے ۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد کرنے والی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ میں عدالت عظمی کو بتایا گیا ہے کہ اسد درانی نے اب بتایا ہے کہ اس وقت ان کی معلومات درست نہیں تھیں اور ان کے پاس اپنے بیان کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد بھی نہیں ۔

صحافی مطیع اللہ جان کے ایم جے ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسد درانی نے 20 سال قبل سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے سیاست دانوں میں 14 کروڑ روپے تقسیم کیے تھے ۔

ادھر عدالت میں وزارت دفاع کے جمع کرائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ آئی ایس آئی کے تین سابق افسران کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور ان کے خلاف سرکاری گواہوں کے بیان ریکارڈ کرائے گئے ہیں ۔

ایک صفحے کی اس رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ اس کیس میں فوجی انکوائری افسر سویلین کو بھی بیانات طلب کریں گے ۔ وزارت دفاع کے جواب کے مطابق جن پر پیسے لینے کا الزام ہے ان کو بھی بیان قلمبند کرانا ہوں گے اور فوج کی کورٹ آف انکوائری انہیں طلب کرے گی ۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پر بھی سنہ 1990 میں آئی ایس آئی سے پیسے لینے کا الزام ہے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے