پاکستان24 متفرق خبریں

پاکستانی انٹرنیٹ کی نگرانی اسرائیل کرے گا؟

مئی 11, 2019

پاکستانی انٹرنیٹ کی نگرانی اسرائیل کرے گا؟

نوشین یوسف / صحافی

کیا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن پی ٹی اے نے ملک میں انٹرنیٹ ٹریفک کی نگرانی کا ٹھیکہ ایسی کمپنی کو دیا ہے جو اسرائیلی خفیہ ایجنسی کی شراکت دار ہے؟۔

یہ سوال اور الزام سامنے آنے کے بعد چئیرمین سینیٹ نے معاملہ تحقیقات کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا ہے ۔

سینیٹر مشتاق احمد کے سوال کے جواب میں کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں سینیٹ کو بتایا کہ پی ٹی اے نے انٹرنیٹ ٹریفک کی نگرانی کا کوئی معاہدہ نہیں کیا نہ ہی ایسے منصوبے پر کوئی سرکاری رقم خرچ کی گئی ۔

بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے نگرانی، جائزے اور گرے ٹریفک کے خاتمے اور اس کے مناسب تکنیکی حل کو لاگو کرنے کے لیے ٹیلی کام صنعت کو ہدایت جاری کی ہے۔ ”معاہدہ متعلقہ ٹیلی کام آپریٹروں اور وینڈر کے مابین طے پایا جس میں سرکاری خرچ نہیں کیا جاتا۔“

جواب میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے ازالے کے لیے پی ٹی اے نے وینڈر inbox business technologies اور مینوفیکچر کمپنی Sandvine USA سے حلف نامہ لیا ہے ۔ حلف نامہ غلط عناصر کے شامل ہونے کے امکانات کو نظر میں رکھتے ہوئے لیا ہے۔سیکورٹی آڈٹ کے لیے سیکورٹی ادارواں کو شامل کیا گیا ہے۔

”سیکورٹی کی مزید یقین دہانی کے لیے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر معاہدے کو ختم کر دیا جائے گا ۔“


وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے ایوان کو بتایا کہ انٹرنیٹ ٹریفک کی نگرانی کا ٹھیکہ اسرائیلی کمپنی کو نہیں دیا گیا ۔ ”آئی ایس آئی نے تصدیق کی ہے کہ اس کمپنی کا اسرائیل کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں۔“

انھوں نے کہا کہ جن کمپنیوں کو ٹھیکہ نہیں مل سکا انھوں نے اس کمیپنی کے خلاف سازشیں کی، اور اسے عدالت لے گئے ۔ ”اگر کسی بھی وقت کمپنی کے حوالے سے کوئی سیکورٹی خدشات پائے گئے تو معاہدہ منسوخ کر دیا جائے گا ۔“

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے حوالے سے یہ بات سامنے ہے کہ وہ تمام معلومات کو امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ شئیر کرتی ہے۔ ”سینڈ وائن کمپنی ترک شہریوں کے بارے میں جاسوسی کرتی رہی ہے۔“

وفاقی وزیر اعظم سواتی اس بات پر برہم ہوئے اور کہا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ ”آپ حکومت کو تحریری طور لکھ کر بھیج دیں کہ امریکہ کی کمپنیوں کو ٹھیکہ نہ دیں۔“

چئیرمین سینٹ نے معاملہ سینٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے