کابل خیل قوم علی وزیر کے ساتھ جیل جائے گی، جرگہ
عظمت گل / نمائندہ خصوصی پشاور
پاکستان کے سابق قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں کابل خیل قوم نے پہلی بار ہونے والے صوبائی اسمبلی کے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔
کابل خیل قوم کے ایک جرگے میں اعلان کیا گیا ہے کہ الیکشن سے پہلے ان کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور دیگر افراد پر درج کیے گئے مقدمات ختم کیے جائیں ۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں آباد کابل خیل قوم نے صوبائی الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 3 لاکھ آبادی میں سے ایک شخص بھی ووٹ پول نہیں کرے گا ۔
شمالی وزیرستان میں جرگے کے دوران عمائدین نے کہا کہ کابل خیل قوم کرم تنگی ڈیم کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی اور یہ ان کا آئینی حق ہے ۔
جرگے نے مطالبہ کیا کہ حکومت علی وزیر اور یوتھ آف کابل خیل کے 12 نوجوانوں پر درج ایف آئی آر ختم کرے ۔
جرگہ عمائدین نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم کے خلاف احتجاج کو پی ٹی ایم احتجاج کا رنگ دیا گیا، علی وزیر اور دیگر پر ایف آئی آر پوری کابل خیل قوم پر ایف آئی آر ہے۔
قبائلی مشران نے کہا کہ حکومت نے کسی ایک ہر ہاتھ ڈالا تو پوری قوم جیل جائے گی ۔
جرگے نے اعلان کیا کہ ایف آئی آر کے خاتمے تک الیکشن لڑیں گے اور نہ ہی پولنگ کو مانیں گے۔ مشران نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اداروں کاساتھ دیا، اشتعال پر مجبور نہ کیا جائے۔ ”اپنے حق کیلئے تمام قبائل کے سامنے اپنی فریاد لیکر جائیں گے۔“

