علی وزیر، داوڑ کو اسمبلی لایا جائے
پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے سپیکر کو خط لکھ کر شمالی اور جنوبی وزیرستان سے قومی اسمبلی کے ارکان محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے کہا ہے۔
خط میں بلاول بھٹو نے لکھا ہے کہ ”جناب اسپیکر! آپ جس ایوان کے کسٹوڈین ہیں، اس کا ایک رکن 26 مئی سے گرفتار ہے اور اب رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی گرفتاری کی بھی اطلاعات آرہی ہیں۔“
خط کے متن کے مطابق قومی اسمبلی کے قانون 105 کے تحت متعلقہ اتھارٹیز کسی بھی رکن کی گرفتاری کی اطلاع اسپیکر کو فوری دینے کی پابند ہیں۔
بلاول بھٹو نے لکھا ہے کہ ”مجھے تصدیق نہیں کہ آیا قانون کے مطابق اسپیکر کو علی وزیر اور محسن داوڑ کی گرفتاری کی بابت آگاہ کیا گیا ہے۔“
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے لکھا ہے کہ مئی کی 27 تاریخ کو توقع تھی کہ اسپیکر ارکان کو ممبر اسمبلی کی گرفتاری سے آگاہ کرتے۔ ”اراکین کو آگاہ کیا گیا اور نہ گرفتار رکن کے پراڈکشن آرڈر جاری کئے گئے۔“
انہوں نے لکھا ہے کہ جب پی پی رکن نویدقمر نے علی وزیرکی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا تو اسے نظرانداز کردیا گیا۔
بلاول بھٹو نے سپیکر سے کہا ہے کہ خط لکھنے کا مقصد علی وزیر اور محسن داوڑ کے پراڈکشن آرڈر جاری کرنے کی استدعا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ علی وزیر کے خاندان کے تقریبا درجن بھر افراد دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ ”دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے علی وزیر کے خلاف محسن داوڑ کے ہمراہ دہشتگردی کے الزامات قابل تشویش ہیں۔“

