شمالی کوریا کے امریکہ پر الزامات
شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے مختصر اور تاریخی دورے کے تین دن ایک بیان میں کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات بحالی کے حالیہ معاہدے کے باوجود امریکہ جارحانہ اقدامات پر تُلا ہوا ہے۔
بدھ کو اقوامِ متحدہ میں شمالی کوریا کے وفد نے کہا کہ امریکہ کو ‘پابندیاں عائد کرنے کا جنون ہے‘۔
وفد نے بیان میں یہ الزام بھی عائد کیا کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے ’پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

خیال رہے کہ اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان میں جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد شمالی کوریا کا ایک مختصر دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے جنوبی کوریا کی سرحد کے ساتھ راہداری میں کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔
کسی بھی امریکی صدر کا شمالی کوریا کا یہ پہلا دورہ تھا۔
ایک گھنٹہ جاری رہنے والی گفتگو کے بعد دونوں ممالک نے شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں میں تخفیف پر مذاکرات کی بحالی کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا تھا۔

