یمن میں القاعدہ رہنما کو ہلاک کر دیا، امریکہ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی فوج نے یمن میں انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کے رہنما قاسم الریمی کو ہلاک کردیا ہے۔
ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ’ریمی کے دور میں القاعدہ کے عرب گروہ نے یمن میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے اور امریکہ اور امریکی فوج کے خلاف متعدد حملے کرنے کی کوشش کی۔‘
امریکہ کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ الریمی کو کب، کیسے اور کس طرح قتل کیا گیا تاہم امریکی صدر کے مطابق ’الریمی کی موت القاعدہ کی دنیا بھر میں چلنے والی تحریک اور القاعدہ کے عرب گروہ کو کمزور کرے گی اور ہمیں ایسے گروہوں کو ختم کرنے کے نزدیک لائے گی جو ہماری قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔‘

