کورونا: ڈائمنڈ پرنسز کے مسافروں کو جانے کی اجازت
Reading Time: < 1 minuteجاپان کے ساحل پر لنگر انداز دنیا کے مہنگے تفریحی کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز کے 500 مسافروں کو 14 دن بعد گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
کروز شپ پر تفریحی سفر کرنے والے دو ہزار سے زائد مسافر کورونا وائرس پھیلنے سے پھنس کر رہ گئے تھے۔
ادھر چین میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کروز شپ میں عملے کے ایک ہزار افراد سمیت کل 3771 مسافر سوار تھے۔ کروز کے ایک مسافر کے متاثر ہونے کے بعد کچھ ہی دنوں میں مزید مسافروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق فی الحال 500 کے قریب مسافروں کو اس کروز شپ سے نکالا گیا ہے۔
گذشتہ دنوں جاپان پر تنقید ہوئی تھی کہ اس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بروقت کارروائی نہیں کی۔
جاپان کے حکام اپنے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کروز شپ کو ساحل پر محدود کرنے سے یہ وائرس زیادہ نہیں پھیلا۔
جاپان میں عالمی ادارہ صحت کے سابق ریجنل سربراہ کہتے ہیں کہ اس کروز شپ کو ساحل تک محدود کرنے سے پہلے اس کے مسافروں میں وائرس پھیل گیا تھا۔
جبکہ جاپان مین کوبے یونیورسٹی کے پروفیسر کینتارو لواتا کہتے ہیں کہ ساحل پر اس کو محدود کرنا ایک بڑی ناکامی اور غلطی ہے۔
دنیا میں کروز شپ کے ذریعے سمندری سیاحت ایک بڑی صنعت ہے جس میں جاپان کی مٹسوبشی کمپنی حصہ دار ہے۔