چین میں پھر کورونا، امریکہ میں ہلاکتوں میں کمی
Reading Time: < 1 minuteچین کے دارالحکومت بیجنگ میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آںے کے بعد شہر کے مزید گیارہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ میں دو ماہ بعد ہلاکتوں میں کمی دیکھی گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 382 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
چین میں کورونا کی نئی لہر آنے کے بعد حکام نے دارالحکومت کے مختلف علاقوں کو سیل کیا اور دس ہزار سے زائد رہائشیوں کے ٹیسٹ کیے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کے ادارے نے کہا ہے کہ بیجنگ میں 46 ہزار رہائشیوں کے ٹیسٹ کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے جو ایک دن میں ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس چین کے صوبے ہوبائی کے شہر ووہان سے گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں پھوٹی تھی۔ وبا سے چین میں پانچ ہزار سے زائد جبکہ دنیا بھر میں چار لاکھ سے زیادہ افراد موت کا شکار ہوئے۔
دوسری جانب امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 382 اموات ہوئی ہیں جو اپریل کے وسط میں کورونا کی انتہا کے بعد کیسز کی کم ترین تعداد ہے۔ امریکہ میں 20 لاکھ سے زائد افراد عالمی وبا کی لپیٹ میں آئے جن میں سے ایک لاکھ 16 ہزار سے زیادہ موت کے منہ میں چلے گئے۔