پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ مسترد کر دیا
پاکستان میں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے تحریک انصاف حکومت کے پیش کیے حالیہ بجٹ کو مسترد کرنے کی قرارداد منظور کی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی بجٹ 2020-21 پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے میں ہر لحاظ سے ناکام ہے۔
اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف، رہنما جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، جمعیت علمائے اسلام کے (ف) کے رہنما اکرم درانی سمیت اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔
اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کورونا کی عالمی وبا، بدترین افراط زر و مہنگائی، بے روزگاری کا سمندر، تباہ حال صنعت، دم توڑتی زراعت، ٹڈی دل کے مہلک حملے اور عالمی معاشی زلزلے جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے مگر حکومت کو پروا نہیں۔
اپوزیشن جماعتوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ‘عمران خان کی حکومت ہر موقعے بالخصوص ایک ایسے مرحلے پر پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوئی ہے جب انہیں مدد کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔’
‘یہ بجٹ پاکستانی عوام کی زندگیوں، معاشی مستقبل اور روزگار کا تحفظ نہیں کر سکتا۔’

