برطانیہ میں ماسک پہننے کے نئے احکامات
Reading Time: < 1 minuteعالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی آ سکتی ہے اس دوران برطانیہ نے اپنے شہریوں پر ماسک پہننے کی پابندی میں سختی لانے کا اعلان کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے یورپ میں وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کے خدشے کے بیان سے قبل برطانیہ نے فرانس، جرمنی اور آسٹریا کی طرح ماسک پہننے کے لیے سخت اصول اپنانے اور زیادہ کورونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا۔
یورپ میں اس وقت دنیا کے ڈیڑھ کروڑ متاثرین میں سے پانچواں حصہ موجود ہے جبکہ کورونا سے ہونے والی اموات میں یورپ پہلے نمبر پر ہے جہاں دو لاکھ سات ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے اب تک چھ لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
فرانس اور اٹلی کے علاوہ سپین کے بعض علاقوں میں وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس نے حکام کو وبا کی نئی لہر کی جانب متوجہ کیا ہے۔