پشاور کی مشہور زمانہ بس بی آر ٹی کی سروس معطل
Reading Time: < 1 minuteپشاور میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے تاریخی منصوبے بی آر ٹی بس سروس کو ایک ماہ بعد ہی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
سروس کی معطلی کا فیصلہ بدھ کو چوتھی بس میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد کیا گیا۔
ٹرانس پشاور کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بی آر ٹی کی تمام بسوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور یہ کہ مسافروں کی حفاظت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان کے مطابق بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم مفصل انداز میں تمام بسوں کا جائزہ لے گی۔ بی آر ٹی کی دو بسوں میں لگنے والی آگ کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام بسوں کی جامع تحقیقات اور انسپیکشن کی جائے گی۔ بی آر ٹی کی ہر بس کو تکنیکی اعتبار سے مکمل کلئیر کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا۔ شہریوں و مسافروں کے وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ بی آر ٹی کی چار بسوں میں اب تک آگ لگ چکی ہے۔