جبری گمشدگیوں پر کابینہ کمیٹی کی تشکیل
پاکستان میں جبری گمشدگیوں کی وجوہات کا پتا لگانے اور روک تھام کے لیے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
کمیٹی کے کنوینیئر وفاقی وزیر قانون ہوں گے جبکہ ارکان میں وفاقی وزیر داخلہ، انسانی حقوق کی وزیر، مشیر داخلہ، اسلام آباد کے چیف کمشنر شامل ہوں گے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی میں اسلام آباد پولیس کے سربراہ، انٹر سروسز انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کے ارکان جبری گمشدگیوں کی وجوہات پر بحث کریں اور اس کی روک تھام کے لیے سفارشات دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ دنیا بھر میں موضوع بحث رہتا ہے اور اس میں طاقتور سرکاری محکموں کے افسران کے ملوث ہونے کا الزام لگتا رہتا ہے۔
حال ہی میں اسلام آباد میں معروف صحافی مطیع اللہ جان اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے افسر ساجد گوندل کے اغوا اور بعد ازاں اغوا کاروں کی جانب سے چھوڑ دیے جانے کے واقعات نے پولیس اور سکیورٹی کے ذمہ دار دیگر محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔

