اہم خبریں

عمران خان کو فی الفور شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنا ہو گا: تحریک انصاف

اگست 20, 2026

عمران خان کو فی الفور شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنا ہو گا: تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ’عمران خان کو فی الفور شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنا ہو گا۔‘

عمران خان کے وکیل نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں‌ کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ سے نظر ثانی درخواست واپس لے لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اب عدالت کے فیصلے پر عمل نہ کرنے کا کوئی عذر نہیں اور حکومت سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل کرے۔‘

پاکستان کی وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو علاج کی غرض سے اسلام آباد کے شفا ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ تاہم جمعرات کو رجسٹرار کے دفتر سے اعتراض کے بعد اس درخواست کو ترمیم کے ساتھ دوبارہ دائر کرنے کی خبریں‌ سامنے آئیں-

اسلام آباد کے چیف کمشنر کے توسط سے دائر کی گئی اِس درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں قیدیوں کی ہسپتال منتقلی سے متعلق جیل قوانین میں درج طریقۂ کار کو مد نظر نہیں رکھا جس کے باعث منصفانہ ٹرائل اور مقررہ قانونی طریقۂ کار کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔

بدھ کی دوپہر دائر کی گئی نظر ثانی درخواست میں حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عبوری مرحلے پر (سابق وزیر اعظم کو) درخواست گزار کو سُنے بغیر ایسا حتمی نوعیت کا ریلیف دیا گیا ہے جس کے باعث مساوی سلوک کے آئینی اصول متاثر ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز (18 اگست کو) پاکستان کی سپریم کورٹ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کو دو روز کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک ایسا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس میں عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی ان کے ساتھ ہی ہوں گی۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں عدالت نے تنبیہ کی تھی کہ اگر سابق وزیر اعظم کی میڈیکل رپورٹس یا صحت پر سیاست کی گئی تو یہ سہولت واپس لی جا سکتی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے