پاکستان24 متفرق خبریں

کل جماعتی کانفرنس کے بعد اپوزیشن کی نیب پیشیاں

ستمبر 22, 2020 < 1 min

کل جماعتی کانفرنس کے بعد اپوزیشن کی نیب پیشیاں

Reading Time: < 1 minute

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ریفرنس میں دو سال اور 2 ماہ بعد الزامات پر مشتمل ضمنی ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں۔

منگل کو ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ‘میرا ایک کیس یہاں ایک کیس کراچی میں ہے، میرے خلاف نیب کی اپیل پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو پڑھنے کے بعد چیئرمین نیب کا کردار واضح ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں اعلیٰ عدلیہ کی نہ سنی جائے وہ ترقی نہیں کر سکتا، جہاں سینکڑوں ارب روپے کی کرپشن چینی میں ہو چکی نیب کو وہ نظر نہیں آتا، پورا یقین ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد اپوزیشن نیب کے چکر لگا رہی ہو گی، حکومت خائف ہے اس لیے ایسے حربے استعمال کیے جائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کے مطابق یہ ن لیگ کی کامیابی ہے کہ ڈھائی سال میں کوئی بھی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ ‘نیب کیسز میں کہا جاتا ہے کہ مس یوز آف اتھارٹی کی گئی ہے، اب کوئی کسی حکومتی ادارے میں اعلیٰ عہدے پر لگنے کے لیے راضی نہیں، ایسے حالات میں ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت کی ہدایت پر ایل این جی ضمنی ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی گئیں۔

منگل کو جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ ریفرنس میں شریک کمپنیاں برطانیہ کی ہیں جن کی تعمیلی رپورٹ آنے میں تین ہفتے لگ جائیں گے۔

جج اعظم خان نے کہا کہ جب تک کمپنیوں کی تعمیلی رپورٹ نہیں آتی اس وقت تک فرد جرم عائد نہیں کرتے۔ عدالت نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے