پنجاب پولیس کا اہلکار اسلام آباد میں ڈکیتی کرتے گرفتار
پنجاب میں عوام کے جان ومال کی محافظ ڈولفن فورس راولپنڈی کے اہلکار کو اسلام آباد میں رہزنی، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا گیا،ملزم اور اس کے ساتھی سے چھینے گئے موٹرسائیکل،موبائل فونز،لیپ ٹاپ سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈولفن فورس راولپنڈی کے اہلکار عامر کو ساتھی سلمان سمیت تھانہ سہالہ پولیس اسلام آباد نے گرفتار کیا۔
ملزمان نے ڈکیتی، رہزنی کی20 واداتوں کا ابتدائی طور پر اعتراف کیا ہے۔
قانون کے محافظ ڈولفن اہلکار کے جرائم میں ملوث ہونے پر ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی نے اسے معطل کرکے انکوائری شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف اسلحہ برآمدگی کی ایف آئی آر درج کرکے انھیں شناخت پریڈ کے لئے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر چھینے گئے پانچ موٹرسائیکل،پانچ موبائل فونز،دو لیپ ٹاپ سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

