پاکستان24 متفرق خبریں

نواز شریف لندن میں پاکستانی سسٹم پر ہنستا ہوگا: ہائیکورٹ

ستمبر 30, 2020 2 min

نواز شریف لندن میں پاکستانی سسٹم پر ہنستا ہوگا: ہائیکورٹ

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالے سے لندن میں پاکستانی کونسل اتاشی راؤ عبد الحنان کا وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

جسٹس محسن کیانی نے کہا کہ ضابطے کے تحت کارروائی کریں گے تاکہ کل کو ملزم کوئی بہانہ نہ بنا سکے۔ نواز شریف پورے نظام کو شکست دے کر لندن گئے۔ ملزم وہاں بیٹھ کر ہنستا ہوگا کہ پورا سسٹم کچھ نہیں کر پا رہا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی اور موقف اپنایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ پر رائیل میل اسپیشل ڈلیوری کے ذریعے وارنٹ بھیجے گئے۔ نواز شریف کی رہائش گاہ پر وقار احمد نامی شخص نے عدالت کے وارنٹ موصول کرنے سے انکار کر دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر دوبارہ دفتر خارجہ کا نمائندہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس گیا، ایون فیلڈ کے ریسپشن پر بیٹھے ایڈی نامی شخص نے کہا وارنٹ نہیں وصول کرسکتا۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، آپ کے پاس وارنٹ تعمیل کرانے کے کوئی دستاویز ہونے چاہیے تھی۔

نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے موقف اپنایا کہ اگر یہ عدالت مطمئن ہے کہ وارنٹ کی تعمیل کیلئے اقدامات کیئے گئے، تو نواز شریف کو مفرور قرار دیا جائے۔ دفتر خارجہ کے نمائندے عبدالحنان کا بیان ویڈیو لنک پر ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عبدالحنان کا ویڈیو لنک پر بیان ریکاڑد کر لیتے ہیں۔ اس ساری ایکسرسائز کا مقصد ہے کہ کل کو ملزم واپس آئے تو یہ نہ کہے کہ اسے معلوم نہ تھا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف پورے نظام کو شکست دے کر لندن گئے۔ ملزم وہاں بیٹھ کر ہنستا ہوگا کہ پورا سسٹم کچھ نہیں کر پارہا۔ سارا سسٹم شامل ہے، سفارتخانے، ادارے ہیں پھر بھی کچھ نہیں ہو پارہا۔ آیندہ وفاقی حکومت کو بھی سوچنا چاہیے کہ ایسے ملزم کے لیے کیا لائحہ عمل ہو۔ ملزم کا انتہائی شرمناک رویہ ہے۔ نواز شریف کے ایک کیس کی وجہ سے کئی کیس التواء کا شکار ہیں۔ ہزاروں کیس التواء ہیں اور یہاں نواز شریف کیس میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔

عدالت نے استفسار ‏کیا ہم لکھ سکتے ہیں ملزم نوازشریف کہیں روپوش ہوا ہے؟ درخواست گزار نواز شریف تو پوری قوم سے خطاب کررہا ہے۔

عدالت نے اگلی سماعت پر لندن میں پاکستان کے کونسلر اتاشی عبدالحنان کا بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے