ن لیگ کے پنجاب اسمبلی میں پانچ ارکان پارٹی سے فارغ
مسلم لیگ ن نے اپنے ان پانچ پنجاب اسمبلی کے ارکان کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعلی عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف فیصلہ قیادت کی منظوری سے کیا گیا جس کا اعلان پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کیا۔
پارٹی سے نکالے جانے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں اشرف انصاری، جلیل شرقپوری، فیصل نیازی، نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین شامل ہیں۔
جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کے خلاف کارروائی مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کے دستخطوں سے عمل میں آئی۔
بیان کے مطابق فٹیف کی ووٹنگ میں غیرحاضر مسلم لیگ (ن) کے پارلیمان کے ارکان کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
ووٹنگ کے دوران نہ آنے والے پارٹی کے ارکان سینٹ اور قومی اسمبلی کو راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاور خان اور شمیم آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے۔
سینٹ میں پارٹی ارکان کو شوکاز نوٹس ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق کے دستخطوں سے جاری ہوئے۔ شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔

