امریکہ میں ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ پاکستان سے کتنا مختلف؟
پاکستان میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے سنہ 2018 کے الیکشن کے دوران ووٹ کو عزت دو، کا نعرہ بلند کیا جس کا مطلب ان کے نزدیک یہ ہے کہ ملک میں فوجی اسٹیبلشمنٹ عوام کے منتخب نمائندوں کو کام نہیں کرنے دیتی۔
امریکہ میں حالیہ صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ پارٹی کے حامیوں نے نعرہ متعارف کرایا ہے کہ ہر ایک ووٹ کو گنو، جس کا مطلب ہے کہ ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے تمام ووٹ گنے جائیں اور ان کے حتمی نتائج آنے تک کسی کی جیت کا اعلان نہ کیا جائے۔
رواں صدارتی انتخاب میں امریکہ میں دس کروڑ کے لگ بھگ افراد نے اپنے ووٹ ڈاک کے نظام کے ذریعے بھیجے جن کو میل اِن بیلٹ کا نام دیا گیا ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے حالیہ صدارتی الیکشن میں ووٹرز کو ترغیب دی گئی کہ وہ پہلے سے بیلٹ پیپر حاصل کر کے اپنا ووٹ ڈاک کے ذریعے بھیجیں۔
ری پبلکن پارٹی کا دعویٰ ہے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ کا نظام درست نہیں۔ ماہرین کے مطابق ڈاک کے ذریعے ووٹ دینے والے کروڑوں افراد میں ڈیموکریٹ پارٹی کے حامیوں کی اکثریت ہے۔
ہر ایک ووٹ گنو، اس وقت امریکہ میں سب سے مقبول نعرہ بن چکا ہے۔

